وزیراعظم کی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات، پاکستان کی اقتصادی صلاحیتوں پر گفتگو

وزیراعظم کی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات، پاکستان کی اقتصادی صلاحیتوں پر گفتگو

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں امریکا سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت جینٹری بیچ نے کی۔

 اس ملاقات میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی وسیع صلاحیت اور اقتصادی امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے پاکستان میں کاروباری مواقع میں دلچسپی لینے پر جینٹری بیچ اور دیگر سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کی جانب سے سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تیز، پائیدار عمل درآمد اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے سہولت فراہم کرے گی۔پاکستان کی اسٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع، ہنر مند و نوجوان افرادی قوت اور بڑھتی ہوئی کنزیومر مارکیٹ کو وزیراعظم نے ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک منفرد موقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منزل بن رہا ہے۔گینٹری بیچ نے پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کی تعریف کی اور ملک کے کان کنی و معدنیات، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

انہوں نے حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی تعریف کی اور پاکستان کی مستقبل میں ترقی کے حوالے سے اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔یہ ملاقات حکومت کی جانب سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پاکستان کے عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔