وزیرِ اعظم شہباز شریف نے استنبول میں ترک سرمایہ کاروں اور کاروباری وفود سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقاتوں کے دوران وزیرِ اعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔ ان شعبوں میں توانائی، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور نج کاری شامل ہیں۔شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے تحت ون ونڈو آپریشن کو مؤثر انداز میں چلا رہی ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے ترک سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے بندرگاہی نظام، میری ٹائم سیکٹر اور لاجسٹکس کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
اس موقع پر ترک سرمایہ کار کمپنیوں نے پاکستان میں اپنے موجودہ آپریشنز کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستانی معیشت میں جاری اصلاحات پر اعتماد کا اعادہ کیا۔وزیرِ اعظم نے ترک بزنس وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ترک کاروباری رہنماؤں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ طویل المدتی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہے ہیں اور معاشی تعاون کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔