وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر برائے پاکستان محمد یحییٰ کر رہے تھے۔
ملاقات میں ایم این اے فیصل امین گنڈاپور اور دیگر صوبائی حکام بھی موجود تھے۔ وفد نے خیبر پختونخوا میں اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کی فلاحی سرگرمیوں پر تفصیلی بات چیت کی، جن میں پولیو کے خاتمے، صحت کے شعبے، بچیوں کی تعلیم اور دیہی ترقی پر زور دیا گیا۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور بین الاقوامی پارٹنر اداروں کے ساتھ انسداد پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بچیوں کی تعلیم کو بھی حکومت کی ترجیحی شعبوں میں شامل کرتے ہوئے بتایا کہ ضم اضلاع میں 36 ہزار بچیوں کو تعلیمی وظائف دیے جا رہے ہیں۔
ملاقات میں ماحولیات، کلچر، سیاحت اور دیہی ترقی پر بھی بات کی گئی، اور وزیر اعلیٰ نے صوبے میں مذہبی اور ثقافتی اقلیتوں کے لیے اقدامات پر زور دیا، جن میں عبادت گاہوں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کی منصوبہ بندی شامل ہے۔ وفد نے صحت کے شعبے میں حکومت کے اقدامات اور عوامی فلاح کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔وزیر اعلیٰ نے اقوام متحدہ کے اداروں کے ساتھ مزید موثر تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ان کے عملے کی سکیورٹی اور نقل و حمل کے معاملات پر بھی بات کی اور یقین دلایا کہ اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔