انکم ٹیکس ختم ، دوسری قوموں پر ٹیکس لگا کر اپنے لوگوں کو امیر بنائیں گے: ٹرمپ

امریکا کو اس نظام کی طرف لوٹنا ہوگا جس نے ماضی میں ہمیں امیر اور طاقتور بنایا، ریپبلکن اراکینِ کانگریس کی کانفرنس سے خطاب 
   جن ممالک نے اپنے غیر قانونی تارکین وطن کو واپس نہ لیا انہیں بھاری معاشی قیمت چکانا پڑے گی، امریکی صدرکی دھمکی
 واشنگٹن (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکم ٹیکس کے مکمل خاتمے کا انقلابی منصوبہ پیش کیا ہے، جس کا مقصد امریکی شہریوں کی مالی حالت بہتر بنانا اور ملک کی معیشت کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔ یہ اعلان ریپبلکن اراکینِ کانگریس کی کانفرنس میں کیا گیا، جہاں اپنے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ انکم ٹیکس کو ختم کرکے اور دیگر ممالک سے درآمدات پر بھاری ٹیرف لگا کر، وہ امریکا کو ایک مرتبہ پھر دنیا کی طاقتور ترین معیشت بنانا چاہتے ہیں۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس نظام کی طرف لوٹنا ہوگا جس نے ماضی میں ہمیں امیر اور طاقتور بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 1870سے 1913تک، جب انکم ٹیکس کا نظام موجود نہیں تھا، امریکی معیشت اپنی بلند ترین سطح پر تھی اور ملک کی آمدنی کا بڑا حصہ درآمدی ٹیرف سے حاصل ہوتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے ممالک کو مالا مال کرنے کے لیے اپنے شہریوں پر ٹیکس لگانے کے بجائے، ہم اپنے شہریوں کو مالا مال کرنے کے لیے بیرونی ممالک پر محصولات اور ٹیکس لگائیں گے۔ اس مقصد کے لیے، ہم تمام محصولات، ڈیوٹیوں اور محصولات کو جمع کرنے کے لیے ایکسٹرنل ریونیو سروس قائم کر رہے ہیں۔ یہ بہت بڑی رقم ہوگی۔دریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ جن ممالک نے اپنے غیر قانونی تارکین وطن کو واپس نہ لیا انہیں بھاری معاشی قیمت چکانا پڑے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی جاری ہے اور جن ممالک سے وہ آئے ہیں انہیں واپس لینا پڑیں گے ۔