موسمیاتی تبدیلی اس وقت بڑا چیلنج، دنیا کو ماحولیات تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے
اسلام آباد (آئی ین پی ) پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی اس وقت بڑا چیلنج ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان شدید متاثر ہوا، ماحول دوست توانائی اور کاروباری سرگرمیوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمن نے مزید کہا کہ دنیا میں کاربن کا اخراج بڑھ رہا ہے اور ساتھ ہی درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوا ہے، ہمارے پاس یہ اعداد و شمار اور معلومات دستیاب نہیں ہے کہ پاکستان پر اس کا کس تیزی سے اثر ہورہا ہے لیکن ہم یہ جانتے ہیں کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی صف اول میں ہے اور اس حوالے سے کوئی غلط فہمی نہیں ہے۔سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ پاکستان میں ہر کاروبار کو بجلی کی ضرورت ہے مگر یہاں بزنسز کو انتہائی مشکل ٹیکس نظام، بجلی کی کمی اور ناہموار ریگولیٹری ماحول کا سامنا ہے جوکہ طویل منصوبہ بندی اور قابل استعمال توانائی پر کی جانے والی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے اور سمجھناہوگاکہ ماحولیاتی نقصانات سے بچانے کے لیے کوئی نہیں آئے گا، صنعتوں کے قیام کے دوران ماحولیاتی آلودگی سے بچائوکے اقدامات کرناہوں گے، ماحول دوست کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے۔