پی ٹی وی سے جعلی ڈگریوں والے ملازمین کو نکالا جائیگا:عطاء تارڑ

ڈگریوں کی تصدیق  31 جنوری تک مکمل ہوگی‘200 ملاز م بھی نکالنا پڑے تو نکالوں گا
 چیمپئنز ٹرافی کے رائٹس کیلئے بڑی ادائیگی کرنا تھی اس لئے پی ٹی وی کی تنخواہوں میں تاخیر ہوئی
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی  وزیر اطلاعات ونشریات  عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی وی سے جعلی ڈگریوں کے حامل ملازمین کو نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پی ٹی وی میں ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل 31 جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا، اگر جعلی ڈگری والے 200 ملازمین بھی نکالنے پڑے تو میں نکالوں گا ،آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے رائٹس کیلئے بڑی ادائیگی کرنا تھی جس کی وجہ سے پی ٹی وی کی تنخواہوں میں تاخیر ہوئی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ارکان کو بریفنگ دی اور ان کے سوالات کے جوابات دئیے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی کی تنخواہ، آئی سی سی کی ادائیگی کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی، میں چاہتا تھا کہ عوام چیمپئینز ٹرافی دیکھنے سے محروم نہ ہوں، کئی نجی میڈیا چینلز نے کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کیں، کئی چینلز کے مالکان رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے کما رہے ہیں لیکن تنخواہیں نہیں دے رہے۔کنونیئر کمیٹی سحر کامران نے کہا کہ ہمارا نجی میڈیا سے کوئی تعلق نہیں آپ پی ٹی وی کا جواب دیں۔