شدید دھند کے باعث مختلف موٹرویز ٹریفک کے لیے بند

شدید دھند کے باعث مختلف موٹرویز ٹریفک کے لیے بند

سینٹرل ریجن میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم۔2 لاہور سے کوٹ مومن تک، ایم۔3 فیض پور سے درخانہ تک اور ایم۔4 پنڈی بھٹیاں سے خانیوال تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح لاہور۔سیالکوٹ موٹروے ایم۔11 بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔دوسری جانب قومی شاہراہ پر لاہور، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال سمیت چیچہ وطنی، اقبال نگر، میاں چنوں، خانیوال، ملتان اور بہاولپور کے علاقوں میں بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو رہی ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق بعض مقامات پر حدِ نگاہ 0 سے 100 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ شہریوں کو لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنے، دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دینے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور آگے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔مزید رہنمائی اور مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ موٹروے پولیس سنٹرل ریجن صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔