لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے پر موٹرویز کے متعدد سیکشنز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے، موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بھی سمبڑیال تک بند کر دیا گیا ہے، جبکہ موٹروے ایم 4 فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ دھند کی شدت کے باعث مختلف شاہراہوں پر حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس سے ٹریفک حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا فیصلہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے۔ شدید دھند کے دوران تیز رفتاری اور غیر ضروری سفر جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور انتہائی ضرورت کے تحت سفر کرنا ہو تو صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں۔