پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث مختلف موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن، ایم تھری فیض پور سے درخانہ، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان اور ایم فائیو ملتان سے ظاہر پیر تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔اسی طرح لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم گیارہ لاہور سے سمبڑیال تک بند ہے، جبکہ لاہور ایسٹرن بائی پاس پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر بھی مختلف علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے، جن میں لاہور، مانگا منڈی، پھولنگر، جمبر، پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، کسوال، اقبال نگر اور میاں چنوں شامل ہیں۔
موٹرویز کی بندش کے باعث قومی شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق دھند ٹکڑوں کی صورت میں انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے، اس لیے شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
موٹروے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران صرف دن کے وقت سفر کیا جائے، جبکہ محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔