پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد سیکشنز ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے ہرن مینار تک جبکہ ایم تھری درخانہ سے فیض پور تک بند ہے۔اسی طرح ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم، ایم فائیو ظاہر پیر سے شیر شاہ اور ایم الیون لاہور مین ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتہائی احتیاط سے گاڑی چلائیں۔