لیبیا کے آرمی چیف کو بعد از وفات فیلڈ مارشل کا اعزاز، آبائی شہر میں تدفین

جنوبی طرابلس کے ایک فوجی اڈے پر سرکاری اعزاز کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا گیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لیبیا میں سوگ کے دنوں کے بعد آرمی چیف جنرل محمد علی احمد الحداد اور 4 دیگر اعلیٰ فوجی افسران کو ان کے آبائی شہر مصراتہ میں سپردِ خاک کر دیا گیا جبکہ جنرل محمد الحداد کو بعد از وفات فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز کیا گیا۔لیبیا کے فوجی سربراہ جنرل محمد الحداد اور دیگر جاں بحق افسران کو جنوبی طرابلس کے ایک فوجی اڈے پر سرکاری اعزاز کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر صدارتی کونسل کے سربراہ محمد المنفی نے اعلان کیا کہ تمام شہداء کو اگلے عہدے پر ترقی دی جا رہی ہے، جس کے تحت جنرل محمد الحداد کو بعد از وفات فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم عبدالحمید دبیبہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل محمد الحداد ریاست کے تحفظ اور استحکام کے لیے ایک مضبوط ستون تھے۔24 دسمبر کو لیبیا کے آرمی چیف محمد علی احمد الحداد کا طیارہ ترکیہ کے شہر انقرہ سے روانہ ہونے کے بعد تباہ ہوگیا تھا، طیارے میں آرمی چیف سمیت 5 افراد سوار تھے، کئی گھنٹوں بعد طیارے کا ملبہ مل گیا۔جنرل الحداد ان کے سینئر مشیر محمد العسوی اور فوجی کیمرہ مین محمد المحجوب کی میتیں ہفتہ کی شام مصراتہ پہنچائی گئیں، جہاں اتوار کو اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔