اسلام آباد (یواین پی) سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ معصوم بچوں کی شہادت کا دلخراش واقعہ پوری قوم کے لیے باعثِ رنج و الم ہے۔جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں انہوں نے سانحہ خضدار کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں تکبر کے دیوتا کو شکست ہوئی ہے، اور پہلگام واقعے کی بنیاد پر پاکستان پر حملہ آور ہونے کی جو سوچ پروان چڑھائی جا رہی ہے، وہ ایک شدت پسندانہ ذہنیت کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا وزیر اعظم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنا کر ایک مضبوط اور واضح پیغام دیا، جس سے قومی اتحاد کا مظاہرہ ہوا۔سینیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں، میڈیا اور عوام نے ایک مؤقف پر متحد ہو کر بھارت کو بھرپور جواب دیا، جو قومی یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔