یہ واقعہ راولپنڈی کے دھان گلی ہائی وے پر پیش آیا، جہاں بااثر ملزمان نے رکشہ ڈرائیور پر بہیمانہ تشدد کیا اور اس کا سامان بھی لوٹ لیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 3 سے 4 افراد رکشہ ڈرائیور کو زمین پر گرنے کے بعد بھی مار رہے ہیں، اور ایک شخص اسے تشدد کرنے کی ہدایات دے رہا ہے جبکہ دوسرا اس واقعے کی ویڈیو بنا رہا ہے۔پولیس کے مطابق تھانہ کلرسیداں نے سرقہ بالجبر کے تحت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، جنہوں نے رکشہ ڈرائیور سے 37 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون لوٹے۔ مقدمے میں نامزد گلفراز سمیت 2 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ایچ او عاقب رزاق کی سربراہی میں چھاپے جاری ہیں۔
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے اس سنگین واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور باقی ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔یہ واقعہ نہ صرف راولپنڈی بلکہ سوشل میڈیا پر بھی تشویش کا باعث بنا ہے اور عوام نے مظلوم رکشہ ڈرائیور کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔