پنجاب میں بجلی کی لوڈشیڈنگ شدید ہوچکی ، بندش ضروری ہے تو سب پر لاگو کریں، عوام تشویش کا شکار : حکومتی رکن کامطالبہ

بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کرو  پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور
 شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ جاری،شہری خوارکہیں گھنٹہ اور کہیں 6گھنٹے تک بجلی بند ،ٹرانسفارمر خرابی کی بھی شکایات ، ایل این جی سپلائی متاثر ہونے کے باعث گیس پر چلنے والے پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی جس سے غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ ہو رہی :ذرائع 
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب اسمبلی نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف حکومتی رکن کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی،اجلاس سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت دو گھنٹے 21 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا،حکومتی رکن احسن رضا خان نے آئوٹ آف ٹرن قرار داد پیش کی، قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب میں بجلی کی لوڈشیڈنگ شدید ہوچکی ہے، ایک جانب بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے تو دوسری جانب ایک طبقے کو اس سے استثنیٰ دیا گیا ہے، جس پر پنجاب کی عوام شدید تشویش کا شکار ہے،قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ اگر لوڈشیڈنگ ضروری ہے تو اس کا شیڈول جاری ہونا چاہیے اور لوڈشیڈنگ سب پر ایک جیسی لاگو ہونی چاہیے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کے کاروبار بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ قرارداد میں پنجاب اور وفاق سے مطالبہ کیا گیا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کی جائے،پنجاب اسمبلی نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی دوسری طرف شدید گرمی اور حبس میں بھی لوڈشیڈنگ جاری، لیسکو ریجن میں شام ہوتے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ و جبری لوڈشیڈنگ نے رات کو شہریوں کی نیندیں اڑا دیں۔تفصیلات کے مطابق لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں لوڈمینجمنٹ کے نام سے 1 گھنٹے سے 30 منٹ تک وقفے وقفے سے بجلی کی جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے،ہائی لاسز فیڈرز پر 2 سے 6 گھنٹے تک بجلی بند کی جارہی ہے،شام اور رات کے اوقات میں ٹرپنگ نے پریشانی میں مزید اضافہ کردیا ،گنجان آباد علاقوں میں تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر خراب ہونے کی شکایات میں ہوشربااضافہ ہو چکا ہے۔ صارفین کے مطابق رات بھر لوڈشیڈنگ کے باعث بزرگ، بچے اور خواتین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل این جی سپلائی متاثر ہونے کے باعث گیس پر چلنے والے پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی جس سے غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔