سوشل میڈیا پر ویڈیوز کی تصدیق کیے بغیر انہیں شیئر یا تشہیر کرنے سے گریز کریں:انتظامیہ
لاہور(آئی این پی ) لاہور چڑیا گھر میں لڑکے کے شیر کے پنجرے میں چھلانگ لگا کر داخل ہونے کی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو جعلی اور ایڈیٹڈ نکلی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دکھائی جانے والی بانڈری چڑیا گھر کی اصل بانڈری سے مختلف ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ویڈیو میں ترمیم کی گئی ہے۔ڈائریکٹر لاہور زو غلام رسول نے بتایا کہ لاہور چڑیا گھر میں شیر کے انکلوژر کی بانڈری کافی بلند ہے جبکہ اس کے اوپر حفاظتی جالیاں بھی نصب ہیں۔ اتنی بلند بانڈری عبور کرکے شیر کے انکلوژر میں داخل ہونا ممکن نہیں۔چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق لاہور زو میں جانوروں اور شہریوں کی حفاظت کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور جانوروں کے انکلوژرز کو محفوظ بنایا گیا ہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کی تصدیق کیے بغیر انہیں شیئر یا تشہیر کرنے سے گریز کریں تاکہ غیر مصدقہ اطلاعات اور جعلی مواد کے پھیلا ئوکی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔