سعودی وزیر کی وزیراعظم فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں پاکستان ‘سعودیہ کا زرعی ‘ اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق
زرعی ماہرین کا وفد جلد سعودی عرب کا دورہ کرے گا،مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے نے تینوں ممالک کو مزید قریب لانے کے ساتھ خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے:وزیراعظم کی سعودی و زیر انجینئر عبدالرحمن سے گفتگو
وزیراعظم کا وفاقی وزارتوں اور محکموں کی جانب سے احکامات پر عملدرآمد میں غفلت اور تاخیر کا سخت نوٹس ‘ ایف بی آر اصلاحات کے تمام اقدامات مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں:وزیراعظم
فیلڈ مارشل سے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلباء کی ملاقات ، علاقائی اور عالمی پیش رفت، پاکستان کی سکیورٹی صورتحال‘ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال
پہلا انٹرولیڈ
اسلام آباد‘راولپنڈی(آئی این پی ) پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی تعاون کے بعد اقتصادی اور زرعی شراکت داری کو نئی سطح پر لے جانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی کی وزیراعظم ہائو س میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں طے پایا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی، آبی وسائل، غذائی تحفظ اور اقتصادی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں، انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے نے تینوں ممالک کو مزید قریب لانے کے ساتھ خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب سٹریٹجک شراکت دار ہیں، اس لئے دونوں ممالک کو اب اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے، پاکستانی زرعی ماہرین کا ایک وفد جلد سعودی عرب کا دورہ کرے گا، وفد کے دورہ ریاض کے دوران زراعت، پانی کے وسائل اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کے امکانات پر مزید بات چیت کی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں اور محکموں کی جانب سے وزیراعظم کے احکامات پر عملدرآمد میں غفلت اور تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے 41 وفاقی سیکریٹریز اور محکموں کے سربراہان کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر صرف دفتری کارروائی مکمل کرنا کافی نہیں بلکہ ان کے مقاصد کا حصول یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم آفس نے احکامات پر عملدرآمد میں تاخیر، فالو اَپ کے فقدان اور بین الوزارتی رابطوں میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے ایف بی آر اصلاحات کے تمام اقدامات مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس نظام میں اصلاحاتی اقدامات کے نفاذ کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے، اصلاحات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنایا جائے، ملکی ترقی کیلئے ٹیکس نظام میں اصلاحات کا نفاذ کر رہے ہیں، ڈیجیٹلائزیشن، پیدا وار کی نگرانی اور خودکار نظام ایف بی آر اصلاحات کے اہم ستون ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، وزیراعظم کو اجلاس میں پی آر اے ایل کی تنظیم نو پر بریفنگ دی گئی
دوسرا انٹرو لیڈ
راولپنڈی (آن لائن) سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے عزم اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔سعودی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔سعودی وزیر نے بالخصوص زراعت اور ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس میں متعدد ممالک کے طلبہ شامل تھے۔ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال، پاکستان کی سکیورٹی کی صورتحال، اور خطے اور دنیا بھر میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا‘ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ موجودہ غیر یقینی اور تیزی سے بدلتی دنیا میں نوجوانوں کو حقائق پر مبنی تجزیے کو اپنانا ہوگا۔پا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوانوں کیلئے تعلیم، ہنر مندی، کاروباری صلاحیتوں اور حقائق پر مبنی تجزیے کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ وہ ایک ایسی دنیا میں بامعنی کردار ادا کر سکیں جو بڑھتی ہوئی بے یقینی اور سوشل میڈیا و پروپیگنڈے کے اثرات سے متاثر ہو رہی ہے۔ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ نے پاکستان کے اپنے جاری دورے کے دوران حاصل ہونے والے مثبت تجربات کا اظہار کیا، انہوں نے بالخصوص پاکستانی عوام کی کشادہ دلی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کو سراہا اور ملک میں موجود بے پناہ صلاحیتوں اور مواقع کو اجاگر کیا۔