ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری پوری کرے گی، پرامن احتجاج ہر شہری کاحق ہے، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج پر کسی کو اعتراض نہیں
دہشت گردی قومی سلامتی پر حملہ اور انسانیت کے خلاف جرم ہے: فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کے دورے کے موقع پر گفتگو‘صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی سے ملاقات
چارسدہ(آئی این پی ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے ملک کے امن و امان اور استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر چارسدہ شب قدر کا دورہ کیا، اینٹی رائٹ ونگ کی خصوصی تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا اور اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، جدید تربیت اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔۔انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، قانون نے احتجاج کا طریقہ کار واضح طور پر متعین کر رکھا ہے، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج پر کسی کو اعتراض نہیں، احتجاج کی آڑ میں تشدد، توڑ پھوڑ، سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا،دریں اثناء پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی، سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹاسے ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، ان کا کوئی مذہب نہیں اور نہ ہی دہشت گردی کا کوئی مذہبی جواز ہے۔ ملک کے امن کو سبوتاژ کرکے انتشار اور افراتفری پیدا کرنا دشمن عناصر کی دیرینہ خواہش ہے، تاہم 22 کروڑ پاکستانی عوام قومی یکجہتی، اتحاد اور وحدتِ امت کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ پاکستانی قوم بہادر، غیور اور متحد ہے، دشمن کے عزائم خاک میں مل جائیں گے اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔