ترکی نے اسرائیل کے ساتھ تمام تجارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کو مکمل طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ ترکی کے بحری جہازوں کو اسرائیلی بندرگاہوں پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ اسرائیلی طیاروں کے لیے بھی ترک فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں۔ یہ اقدام ترکی کی جانب سے اسرائیل کے خلاف جاری احتجاج اور تناؤ کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔وزیر خارجہ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد ترکی کے قومی مفادات اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی پوزیشن مضبوط کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترک حکومت اسرائیل کے ساتھ تمام تجارتی و اقتصادی تعلقات پر فوری طور پر پابندی عائد کر رہی ہے، جس میں شپنگ، فضائی نقل و حمل اور دیگر تجارتی سرگرمیاں شامل ہیں۔ترک حکام کے اس فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سفارتی تعلقات میں غیر معمولی سختی پیدا ہو گئی ہے، اور بین الاقوامی برادری کی توجہ اس خطے میں ممکنہ اثرات کی جانب مرکوز ہو گئی ہے۔