گندم کی قلت کا خدشہ ہے نہ درآمد کرینگے:وزیر غذائی تحفظ

ضرورت 33.58اور ذخائر 33.47میٹرک ٹن، تشویش کی ضرورت نہیں 
ربیع سیزن کیلئے یوریا و دیگر زرعی اجناس کی وافر فراہمی یقینی بنا دی ہے:رانا تنویر 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ملک میں گندم کے ذخائر کے حوالے سے کسی قسم کی تشویش کی ضرورت نہیں، گندم کی قلت کا خدشہ نہیں، موجودہ حالات میں پاکستان گندم درآمد نہیں کرے گا، موجودہ ذخائر ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہیں۔ انہوں نے آٹھویں ویٹ بورڈ اجلاس کی صدارت کی جس میں ملک میں گندم کی طلب و رسد کی صورتحال اور ربیع سیزن 2025-26 کیلئے اہم زرعی اجناس کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ رانا تنویر نے کہا ملک میں گندم کی دستیابی 33.47 ملین میٹرک ٹن جبکہ قومی ضرورت 33.58 ملین میٹرک ٹن ہے، صرف 0.11 ملین میٹرک ٹن کا نہایت معمولی فرق ہے۔ آئندہ ربیع سیزن کیلئے یوریا اور دیگر زرعی اجناس کی وافر فراہمی یقینی بنا دی گئی ہے۔ رانا تنویر نے متنبہ کیا صوبائی سطح پر کسی کڑی اور غیر ضروری پالیسی سازی، بالخصوص پنجاب میں منڈی میں خوف و ہراس پھیلانے اور صورتحال بگاڑنے کا سبب بن سکتی ہے۔