راستوں کی بندش، غذائی اجناس کی قلت کا خدشہ

10ہزار سے زائد غذائی اجناس سے لدے ٹرک پھنس گئے، اشیاء خوردونوش کی ترسیل رک گئی 
لاہور (کرائم رپورٹر)پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل کے مرکزی صدر تنویر احمد جٹ نے کہا ہے کہ احتجاج اور اسلام آباد لانگ مارچ کے باعث دس ہزار سے زائد غذائی اجناس سے لدے ٹرک راستوں کی بندش کی وجہ سے پھنس گئے ، مارکیٹوں میں غذائی اجناس ،ادویات ،سبزیاں ،دالیں اور دیگر ضروریات زندگی کی قلت شروع ہو گئی۔ انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ لاہور، اسلام آباد، کراچی، سمیت دیگر بڑے شہروں میں اشیاء خوردونوش کی ترسیل رک گئی ہے ،پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل غذائی اجناس خراب ہونے کے پیش نظر حکومت سے داد رسی کی اپیل کرتی ہے۔ تنویر احمد جٹ نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے غذائی اجناس اور دیگر ضروریات زندگی کی ترسیل کو بحال کیا جائے۔