سیشن جج نے کچن، خواتین وارڈ، بیرکس اور جیل ہسپتال کا معائنہ کیا، اسیران سے مسائل کے بارے میں پوچھا
لاہور (خصوصی رپورٹ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نے کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کرکے کچن، خواتین وارڈ، بیرکس اور جیل ہسپتال کا معائنہ کیا۔جیل حکام کے مطابق سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل چودھری اعجاز اصغر بھی موجود تھے جنہوں نے جیل کے مختلف امور پر بریفنگ دی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نے اسیران کو مہیا کی جانے والی کھانے پینے کی اشیا کو بھی چیک کیا اور اسیران سے بھی ان کے مسائل بارے پوچھا۔ اسیران نے بتایا کہ ہمیں جو کھانے پینے کی اشیا مل رہی ہیں وہ حفظان صحت کے مطابق ہیں۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نے دورے کے دوران جیل کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل چودھری اعجاز اصغر کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نے معمولی مقدمات میں قید 7اسیران کو موقع پر رہا کرنے کے احکامات جاری کیے۔