کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2025 میں ایک انوکھا اور یادگار لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب سینٹ لوشیا کنگز کے بولر اوشین تھامس کے ایک اوور نے میچ کا رخ ہی بدل دیا۔
گیانا ایمازون واریئرز کے آل راؤنڈر روماریو شیفرڈ نے اوشین تھامس کی ایک گیند پر ہی 22 رنز بنا ڈالے، جس نے شائقین کو 1992 ورلڈکپ کے سیمی فائنل کی یاد تازہ کرا دی۔
میچ کی جھلکیاں
یہ دلچسپ مقابلہ 26 اگست بروز بدھ سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔گیانا ایمازون واریئرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز اسکور کیے۔میچ کے دوران اصل ڈرامہ 15واں اوور ثابت ہوا، جس میں بولر اوشین تھامس مکمل طور پر دباؤ میں نظر آئے۔
15ویں اوور کا حیران کن منظر
اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر 4 رنز بنے۔
تیسری گیند فرنٹ فٹ نو بال قرار پائی۔
اس کے بعد ایک وائیڈ، پھر مسلسل دو نو بالز ہوئیں جنہیں شیفرڈ نے ضائع نہ کرتے ہوئے دونوں مرتبہ چھکے لگا دیے۔
اگلی ڈیلوری لیگل تھی لیکن شیفرڈ نے اسے بھی باؤنڈری پار پہنچا دیا، یوں ایک ہی گیند پر مجموعی طور پر 22 رنز بنے۔
اس اوور میں مزید ایک ڈاٹ اور ایک سنگل بھی آیا مگر آخری گیند پر پھر چھکا پڑا۔
نتیجتاً اوشین تھامس کے اوور میں کُل 33 رنز اسکور کیے گئے۔
میچ کا نتیجہ
ایمازون واریئرز نے 203 رنز کا بڑا ہدف دیا۔تاہم سینٹ لوشیا کنگز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا اور یادگار فتح اپنے نام کی۔