ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار گوندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی علیحدگی کی خبروں پر آخرکار اداکار نے پہلی بار خاموشی توڑ دی۔
گزشتہ کئی ماہ سے میڈیا میں یہ دعویٰ گردش کر رہا تھا کہ گوندا اور سنیتا کے تعلقات میں دراڑ آ چکی ہے اور سنیتا نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ ان افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب سنیتا نے گوندا کے رویے پر مبہم اشارے دیے۔ تاہم بعدازاں دونوں ایک تقریب میں ایک ساتھ نظر آئے تو چہ مگوئیوں میں کچھ کمی واقع ہوئی۔اب ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو میں گوندا نے پہلی بار اس معاملے پر لب کشائی کی۔ انہوں نے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا:’’مجھے جو بھی ملا ہے، میری اس کی بھی اوقات نہیں تھی۔ یہ سب ماں کا آشیرواد ہے۔ آپ مجھے کبھی بھی کسی عورت کی مخالفت یا بےعزتی کرتے نہیں دیکھیں گے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ چاہے کتنا بھی پیسہ یا شہرت کیوں نہ مل جائے، مرد کی اصل قسمت اس کے گھر کی دیوی یعنی بیوی سے جڑی ہوتی ہے۔تقریب میں سنیتا آہوجا بھی شوہر کے ساتھ موجود تھیں۔ انہوں نے فوٹوگرافرز سے مزاحیہ انداز میں کہا: ’’میرا پتی صرف میرا ہے‘‘۔بعدازاں ایک انٹرویو میں سنیتا نے بھی وضاحت دی کہ اگر واقعی کچھ غلط ہوتا تو ہم دونوں اس قدر قریب ایک ساتھ نظر نہ آتے۔