فلڈ ریلیف چیریٹی میچ: پشاور زلمی کی سنسنی خیز کامیابی، بابراعظم سے فین کی انوکھی محبت

فلڈ ریلیف چیریٹی میچ: پشاور زلمی کی سنسنی خیز کامیابی، بابراعظم سے فین کی انوکھی محبت

ویب ڈیسک: پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فلڈ ریلیف چیریٹی میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لیجنڈز الیون کو چھ رنز سے شکست دے دی۔

 میچ بارش کے باعث 15 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔لیجنڈز الیون نے ٹاس جیت کر زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کی ٹیم 14.3 اوورز میں 144 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان بابراعظم 41 اور یاسر حمید 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ لیجنڈز الیون کی جانب سے شاہد آفریدی اور عبد الرحمان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔میچ کے دوران ایک دلچسپ واقعہ بھی پیش آیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کے ساتھ فین کی غیر معمولی محبت سب کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ ایک مداح سکیورٹی کو چکمہ دے کر اسٹیڈیم میں کود آیا اور بابراعظم کی طرف دوڑ پڑا۔

 بابراعظم نے صورتحال بھانپتے ہی دوڑ لگائی مگر پھر رک گئے۔ فین ان کے پاس پہنچا، انہیں گلے لگایا اور بوسہ دے کر اپنی محبت کا اظہار کیا۔بعد ازاں سکیورٹی اہلکار فین کو اسٹیڈیم سے باہر لے گئے جبکہ بابراعظم اور دیگر کھلاڑی یہ مناظر دیکھ کر مسکراتے رہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور مداحوں کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔