ہر صوبے میں بااختیار بلدیاتی نظام نافذ کیا جانا چاہیے :امیر جماعت اسلامی کی پریس کانفرنس
کراچی (آئی این پی )امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پورے ملک میں 2001 کا بلدیاتی نظام واپس لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے سندھ حکومت ملنے والے پیسوں کا حساب دے۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمیں کچرا اٹھانے کے پیسے دینے پڑتے ہیں، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ذریعے اربوں روپے ہڑپ کر لئے گئے، ہر صوبے میں بااختیار بلدیاتی نظام نافذ کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارش سے پورا شہر متاثر ہوا، اربن فلڈنگ ہوئی، یہ نااہلی نالائقی اور لوٹ مار کی وجہ سے ہے، پاکستان میں 67 فیصد ٹیکس کراچی ادا کرتا ہے، قبضہ کر کے میئر شپ پیپلز پارٹی کو دی گئی ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مد میں جو پیسے آپ کو ملے ہیں ان کا حساب دیں، یہ لوگ فنڈز کھا جاتے ہیں اور کچھ نہیں کرتے،لوٹ مار کا سسٹم کراچی سے کشمور تک پایا جاتا ہے