بااختیار بلدیاتی نظام کے مطالبہ کی لہر پورے ملک میں پھیلے گی: حافظ نعیم الرحمن

عوامی ریفرنڈم کے لیے صوبہ بھر میں ہزاروں کیمپ قائم، مردو خواتین کی بڑی تعداد نے رائے کا اظہار کیا
لاہور (خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب بیدار ہوگیا ہے، موثر بلدیاتی نظام کے مطالبہ کی لہر پورے ملک میں پھیلے گی۔ پنجاب کے بلدیاتی قانون پر عوامی ریفرنڈم کے پہلے روز مردو خواتین نے بھرپور انداز میں رائے کا اظہار کیا ، نتائج کی روشنی میں پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا، کالے قانون کی واپسی تک گھیراؤ جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے بلدیاتی قانون پر چار روزہ عوامی ریفرنڈم کے پہلے روز ٹاؤن شپ لاہور میں پولنگ کیمپ کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ۔ امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کا کالا قانون جو جمہوریت اور عوام کی توہین ہے کو واپس لیا جائے اور بلدیاتی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ کے عوام گزشتہ دس برس سے نچلی سطح پر حق حکمرانی سے محروم ہے، بلدیاتی قانون میں باربار تبدیلی کی گئی ، اسلام آباد میں بلدیاتی قانون پانچ مرتبہ تبدیل کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ صوبائی حکومتیں اختیارات پر قابض ہیں، پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں میں بھی بلدیاتی نظام نہ ہونے کے برابر ہے۔ حکمران خاندان نہیں چاہتے کہ عوام بااختیار ہوں