بھارت کو2 ماہ سے 5 سال کیلئے جنگ کی تیاری رکھنا ہوگی: وزیر دفاع

 نئی دہلی (آئی این پی )بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے  جنگ کی نوعیت تیزی سے بدل رہی ہے، حتی کہ تصادم کے دوران بھی یہ تبدیل ہو رہی ہے، بھارت کو 2 ماہ سے لے کر 5 سال تک جاری رہنے والی جنگ کے لیے بھی تیاری رکھنی ہوگی۔انہوں نے مکالمے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ بھارت کو ٹیکنالوجی کو زیادہ تیزی سے اپنانا ہوگا۔ریاست مدھیہ پردیش کے مہو میں فوجی کانکلیو سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیردفاع نے مشترکہ جنگی صلاحیتوں پر زور دیا، جسے انہوں نے بھارت کی کامیابی کی بڑی وجہ قرار دیا، حالانکہ عام رائے یہ ہے کہ پاکستان فضائی برتری رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مکالمہ اس وقت بھی اہم ہے جب جنگ جاری ہو، آج کے دور میں جنگیں اتنی اچانک اور غیر متوقع ہوتی ہیں کہ یہ پیش گوئی کرنا بہت مشکل ہے کہ کوئی جنگ کب ختم ہوگی اور کتنے عرصے تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ لہذا ہمیں ہر صورتحال  کیلئے  تیار رہنا چاہیے، ہمیں اس بات  کیلئے  تیار رہنا چاہیے کہ ہماری موجودہ صلاحیت اتنی کافی ہو کہ اگر کوئی جنگ 2 ماہ، 4 ماہ، ایک سال، 2 سال یا 5 سال تک کھنچ جائے تو ہم مکمل طور پر اس کا مقابلہ کرسکیں۔جنگی حربے بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب صرف فوجیوں کی تعداد یا ہتھیاروں کے ذخائر کا بڑا ہونا کافی نہیں، سائبر وار فیئر، مصنوعی ذہانت، بغیر پائلٹ والی فضائی گاڑیاں (ڈرونز )اور سیٹلائٹ پر مبنی نگرانی مستقبل کی جنگوں کو تشکیل دے رہی ہیں۔