پی ایم ڈی سی کی ڈسپلنری کمیٹی نے انکوائری رپورٹ کے بعد فیصلہ سنایا
یونیورسٹی انتظامیہ نے کمیٹی کا فیصلہ چیلنج کر دیا،نظرثانی کی بھی درخواست
لاہور (خصوصی رپورٹ)فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی (ایف جے ایم یو)کی طالبہ فریحہ ابراہیم کی ہاسٹل میں پراسرار موت کے معاملے پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)نے سخت نوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ پر 2 کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔پی ایم ڈی سی کی ڈسپلنری کمیٹی نے تمام حقائق اور انکوائری رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ سنایا، جس کی حتمی منظوری پی ایم ڈی سی کونسل نے دیدی۔ ذرائع کے مطابق کونسل نے جرمانے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کو طلبہ کی حفاظت اور فلاح و بہبود کیلئے ہنگامی اصلاحات کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ دوسری جانب فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی انتظامیہ نے پی ایم ڈی سی کے فیصلے کو چیلنج کیا اور جرمانے سمیت پورے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست دائر کر دی ہے۔ یونیورسٹی کاموقف ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔واضح رہے طالبہ فریحہ ابراہیم کی موت نے ملک بھر کے میڈیکل تعلیمی اداروں میں طالبات کی حفاظت اور ہاسٹل انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔