سیلاب سے نقصان پر افسوس‘امدادی کارروائیوں میں ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہیں صدر ترکیہ

آپ کی  فون کال پاکستان اور ترکیہ کے مضبوط، گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے:شہباز شریف کی رجب طیب اردوان سے گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف سے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے  ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور پاکستان کے مختلف حصوں میں حالیہ سیلاب پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ترک صدر نے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ہونے والے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر پاکستان کے عوام کے ساتھ اپنے ملک کی یکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان کو کسی بھی مدد کی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ امدادی کارروائیوں کے حوالے سے ہر  ممکن مدد کے لئے تیار ہے۔ اس مشکل وقت میں ترک صدر کے  جذبات کے ساتھ ساتھ مدد کی فراخدلانہ پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ ٹیلی فون کال پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط، گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔ دونوں فریق ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔