وفاقی کابینہ نے یوٹیلٹی سٹورز تحلیل کرنے کی منظوری دیدی‘ بارشوں اور سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے خصوصی دعا ‘فیلڈ مارشل امدادی کارروائیوں کو لیڈ کررہے ہیں:وزیراعظم

قرضو ں سے نجات‘سرمایہ کاری لانا میرا مقصد شہبازشریف
یہ وہ پاکستان نہیں جس کیلئے قربانیاں دی گئیں، میرٹ کو اپناکر اس ملک کو عظیم بنائیں گے،زراعت، لائیوسٹاک اور ریسرچ کے شعبوں میں اصلاحات لائیں گے ‘ترقی کی کنجی اب نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے
 میرٹ کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنالیں تو ہم ترقی کی دوڑ میں ان ممالک کو جو ہم سے بہت پیچھے تھے اور آج آگے نکل گئے ہیں ان سے پھر آگے نکل جائیں گے:طلبہ کو چین بھیجنے کی تقریب سے خطاب
 ملکی صنعتی ترقی کیلئے کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، معیشت مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، صنعتوں کی تعمیر سے ملکی برآمدات اور روزگار میں اضافہ ہوگا:کابینہ اجلاس میں گفتگو

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے میرا ایک ہی مقصد ملک میں سرمایہ کاری لانا ہے۔پاکستان کو قرضوں سے نجات دلا کر ملک کوترقی کی طرف لے جائیں گے، پاکستان کی ترقی کی کنجی اب نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔وفاقی دارالحکومت میں زرعی طلبہ کو چین بھیجنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا  زرعی شعبے میں تربیت کے لیے نوجوانوں کو میرٹ پر منتخب کیا گیا۔ زرعی شعبے میں چین کے تجربات سے بھرپوراستفادہ کریں گے،زرعی شعبے کی جدید ٹیکنالوجی کی پاکستان منتقلی ترجیح ہے، زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے‘ پاکستانی طلبا کوتربیت دینے پرچینی قیادت کے مشکورہیں، چین پاکستان کا بااعتماد اوربہترین دوست ہے،تربیت کے لئے چاروں صوبوں سے نوجوانوں کومنتخب کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا  تربیتی پروگرام میں بلوچستان کا 10فیصد اضافی کوٹہ رکھا گیا ہے، بلوچستان کوترقی میں دوسرے صوبوں کے برابر لانے کا فیصلہ کیا ہے،زرعی شعبے میں ہم سے پیچھے رہ جانے والے ممالک آج بہت نکل گئے۔ یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لیے قربانیاں دی گئیں،  یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لیے ماؤں کے آنچل پھٹے، جس کے لیے انہوں نے خون کے دریا عبور کیے اور اپنی ہر چیز چھوڑ کر اس امید پر پاکستان چلے آئے کہ یہاں محلے، شہر، گاؤں، دیہات، قصبے اور پورے ملک میں ایک ہی سکہ رائج ہوگا اور وہ میرٹ، محنت، امانت اور دیانت ہے۔شہباز شریف نے کہا  پریشان یا گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، جو ہوگیا وہ ہوگیا اور آج بھی اگر ہم اسی میرٹ کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنالیں تو ان شااللہ ہم ترقی کی دوڑ میں ان ممالک کو جو ہم سے بہت پیچھے تھے آج آگے نکل گئے ہیں، ان کو بھی کوسوں میل پیچھے چھوڑ کر پاکستان کو عظیم پاکستان بنائیں گے۔
دریں اثناء وفاقی کابینہ نے یوٹیلٹی سٹورز کو تحلیل کرنے اور خصوصی اقتصادی زونز قانون 2012 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ نے ملکی صنعتی ترقی اور نئی صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی اقتصادی زونز قانون 2012 میں ترمیم کی اصولی منظوری دے دی، نئی ترامیم کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کو مزید کاروبار و سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کیا جائے گا جس سے صنعتوں کی تعمیر کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی صنعتی ترقی کے لیے کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، صنعتوں کی تعمیر سے ملکی برآمدات اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔وفاقی کابینہ نے کابینہ ڈویژن کی سفارش پر قومی اقتصادی کونسل کی مالی سال 2023-24 کی سالانہ رپورٹ کو پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرنے کی منظوری دے دی۔