ایرانی صدر کا وزیراعظم کو فون، سیلاب متاثرین کیلئے ہر ممکن مدد کی پیشکش

ونوں رہنمائوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر متوقع ملاقات اور گفتگو کے حوالے سے مثبت خیالات کا  اظہار کیا

اسلام آباد(آئی این پی)ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کرکے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر دلی دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی پیش کش کی۔وزیراعظم شبہاز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے ٹیلی فونک رابطے میں پاکستان کے مختلف حصوں میں سیلاب پر پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ایرانی صدر نے حالیہ سیلاب میں جانی اور مالی نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں پاکستان کے برادر عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیش کش کی۔وزیر اعظم نے صدر پیزشکیان کی جانب سے ہمدردی و یک جہتی کے اظہار اور ایران کی طرف سے دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں اظہار یک جہتی پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ایرانی صدر کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے گہرے احترام اور نیک خواہشات کا پیغام دیا۔دونوں رہنمائوں نے چین کے شہر تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او)کے سربراہی اجلاس کے موقع پر متوقع ملاقات اور گفتگو کے حوالے سے مثبت خیالات کا بھی اظہار کیا۔