اسلام آباد(آئی این پی)برطانوی وزیراعظم سرکیئر اسٹارمر نے پاکستان کی حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار اور دلی تعزیت کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے پاکستان میں حالیہ مون سون و سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہونے والے جانی و مالی نقصان پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کے نام خط لکھا ہے۔انہوں نے خط میں لکھا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور پاکستانی عوام سے جانی نقصان پر دلی تعزیت کرتا ہوں۔ برطانوی حکومت اور عوام کی طرف سے پاکستان میں ہونے والے حالیہ مون سون کے پیش نظر افسوسناک صورتحال اور بڑے پیمانے پر تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔خط میں برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ میری دلی ہمدردیاں تمام متاثرین کے ساتھ ہیں۔ برطانیہ میں مقیم پاکستان سے تعلق رکھنے والے بہت سے خاندانوں کے لیے یہ صورتحال قابل تشویش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام برطانوی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ اس مشکل وقت میں اظہار یکجہتی کرتی ہے