موسم میں خوشگوار تبدیلی کے باعث لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے سسٹم پر بجلی کی طلب میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم اس کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد بجلی کی طلب میں تقریباً 1000 میگاواٹ کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد مجموعی طلب 2100 میگاواٹ تک رہ گئی ہے۔ اسی طرح نیشنل پاور کنٹرول سینٹر سے بھی بجلی کی فراہمی 2100 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث بجلی کی طلب اور رسد میں توازن قائم ہو گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر سسٹم میں صفر شارٹ فال ہے، یعنی بجلی کی کمی یا فراہمی میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق لائن لاسز اور بجلی چوری کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں تین گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول نافذ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق زیادہ لائن لاسز اور بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ کم لاسز والے علاقوں کو بغیر تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر شہر کے متعدد علاقے ابھی بھی بجلی کی عدم دستیابی سے متاثر ہیں، اور حکام کی جانب سے بجلی کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔