علی سکھیرا اور امتیاز کیخلاف 22 ہزار چھیننے پر ڈکیتی کا مقدمہ،تفتیش جاری
اوکاڑہ(خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ میں کار سوار فیملی کو ہراساں کرنے اور نقدی چھیننے کے الزام میں دو کانسٹیبلز کیخلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کر کے انہیں حوالات میں بند کر دیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق چک نمبر 21/2-L کے رہائشی ہسپتال ملازم زین العابدین اپنے کزن کی شادی سے واپسی پر اہلِ خانہ کے ہمراہ گھر جا رہے تھے کہ راستے میں گاڑی کا پیٹرول ختم ہوگیا، اسی دوران تھانہ سٹی رینالہ خورد میں تعینات کانسٹیبل علی سکھیرا اور امتیاز موقع پر پہنچے اور مبینہ طور پر اسے اور فیملی کو ہراساں کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے 22 ہزار نقدی چھین لی اور مزید 20 ہزار کا مطالبہ کیا۔ ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے واقعہ کا سخت نوٹس لیکردونوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی جس پر ڈکیتی کا مقدمہ درج کرکے کانسٹیبلز کوگرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کیخلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی اور کرپشن پر سخت کارروائی کی جائیگی۔