فیملی کو ہراساں کرنے والے 2ملزم4 گھنٹوں میں گرفتار

 سوشل میڈیا ویڈیو وائرل ہونے پر کاہنہ پولیس فوری حرکت میں آگئی
لاہور (کرائم رپورٹر) سوشل میڈیا پر فیملی کو ہراساں کرنے کی وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے کاہنہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو صرف چار گھنٹوں میں ٹریس کرکے گرفتار کر لیا۔ ایس پی ماڈل ٹا ئون اسد علی کے مطابق ایک خاتون اپنی فیملی کے ہمراہ گجومتہ سے سنٹرل پارک جا رہی تھیں کہ فیروزپور روڈ پر دوسری گاڑی میں سوار دو افراد نے انہیں ہراساں کرنا شروع کر دیا۔ ملزمان دورانِ سفر خاتون کو نازیبا اشارے کرتے رہے، جس کی ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس پی ماڈل ٹا ئون نے ایس ایچ او کاہنہ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا، جس پر پولیس نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت حسن اور حسنین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے کیس انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹا ئون کا کہنا ہے کہ ملزمان کے زیر استعمال گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔