فیملی کو ہراساں کرنے والے3پولیس اہلکاروں پر مقدمہ

 شکیل، صغیر اور الیاس نے فیملی سے بدکلامی کرتے ہوئے 10 ہزار روپے نقدی بھی چھین لی اور فرار ہوگئے 
لاہور(کرائم رپورٹر) ستوکتلہ کے علاقے میں کار سوار خاندان کو ہراساں کرنے والے تین پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملزمان شکیل، صغیر اور الیاس کے خلاف شہری حسن گلزار کی درخواست پر تھانہ ستوکتلہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق 19 جولائی کو پولیس اہلکاروں نے کار سوار شہری کی گاڑی کو روکا اور چیکنگ کے دوران اہلکاروں نے خاندان سے ناروا سلوک کیا۔ تینوں اہلکاروں نے فیملی سے بدکلامی کرتے ہوئے 10 ہزار روپے نقدی بھی چھین لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ مقدمہ درج کر کے معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔