صدر کو چیئرمین ماو زے تْنگ کی زندگی، جدوجہد اور ان عوامل سے آگاہ کیا گیا جنہوں نے ان کی سیاسی فکر کو تشکیل دیا اور چین کی انقلابی تاریخ میں اہم کردار ادا کیا
صدر نے ماو زے تْنگ میموریل میوزیم کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں چین کے بانی رہنما کی زندگی، نظریات اور سیاسی ورثے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی
شاؤشان، ہونان (آن لائن) صدر پاکستان آصف علی زرداری نے چین کے صوبہ ہونان میں واقع چیئرمین ماو زے تْنگ کے آبائی شہر شاؤشان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسٹیچو اسکوائر پر ان کے مجسمے پر پھولوں کی چادر چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔صدر آصف علی زرداری کا استقبال چینی کمیونسٹ پارٹی کے سینئر رہنما لی جیانگ اور شاؤشان ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر ڑانگ شی ہوئی نے کیا۔ اس موقع پر صدر کو چیئرمین ماو زے تْنگ کی زندگی، جدوجہد اور ان عوامل سے آگاہ کیا گیا جنہوں نے ان کی سیاسی فکر کو تشکیل دیا اور چین کی انقلابی تاریخ میں اہم کردار ادا کیا۔صدر نے بعد ازاں ماو زے تْنگ میموریل میوزیم کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں عوامی جمہوریہ چین کے بانی رہنما کی زندگی، نظریات اور سیاسی ورثے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے تاریخی نوادرات، دستاویزات اور تصاویر کا مشاہدہ کیا جو چین کی انقلابی جدوجہد کے اہم مراحل کی عکاسی کرتے ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین ماو زے تْنگ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے تاریخی مقامات نہ صرف ماضی کو محفوظ رکھتے ہیں بلکہ نئی نسل کو قومی ترقی میں تاریخی شعور کی اہمیت سے بھی روشناس کراتے ہیں۔ انہوں نے چین کی ترقی، اتحاد اور استحکام میں ماو زے تْنگ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔