لبرٹی چوک میں شمع آزادی روشن ‘ مریم نواز نے شہدا ء کشمیر کی یادگار پر پھول رکھے

یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب میں علامتی خاموشی اختیار کی گئی،وزیراعلی  نے شہدا کشمیر کے لئے دعا مغفرت بھی کی‘حریت رہنمائوں کے بل بورڈ نصب
کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ اللہ تعالیٰ ایک دن سچ کرکے دکھائے گا:صحافیوں سے گفتگو‘عمران خان کے خط کے بارے میں سوال کا جواب دینے سے انکار
لاہور(سپیشل رپورٹر)ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور لبرٹی چوک میں محکمہ اطلاعات وثقافت کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب منعقد ہوئی- وزیراعلی مریم نواز شریف نے لبرٹی چوک میں شمع آزادی روشن کی-وزیراعلی مریم نواز شریف نے شہدا کشمیر کی یادگار پر پھول رکھ کر نذرانہ عقیدت پیش کیا -یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب میں علامتی خاموشی اختیار کی گئی-وزیراعلی مریم نواز شریف نے شہدا کشمیر کے لئے دعا مغفرت کی-وزیراعلی مریم نواز شریف اور دیگر شرکا نے مظلوم کشمیریوں کے لئے دعا بھی کی-لبرٹی چوک کی تقریب میں کشمیر کی مناسبت سے پکچر وال کی نما ئش کی گئی-لبرٹی چوک راؤنڈ اباؤٹ پر دیوار شہداء حریت کشمیر کے دیوار گیر بل بورڈ بھی نصب کئے گئے -کشمیری رہنماؤں اور شہداء کی تصاویر کو سلا خیں لگا کر علامتی جیل بنائی گئی -لبرٹی چوک کے اطراف میں بھارتی مظالم اور بربریت کے مناظر پر مبنی پینا فلیکس آویزاں کی گئیں -یوم یکجہتی کشمیر پر آئی ایس پی آر کا تیار نغمہ بھی پیش کیا گیا-دریں اثناء یوم یکجہتی کشمیر ڈے پر لاہور میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستانی عوام نے جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کو مسترد کردیا ہے، ملک میں آبادی بڑھ چکی اور سڑکیں چھوٹی ہوچکی ہیں اس لیے تجاوزات کے خلاف آپریشن ضروری ہے۔مریم نواز نے کہا کہ احتجاج کی پہلے بھی بہت کالیں ا?ئیں جنہیں عوام نے مسترد کردیا، آپ کی باتیں سن کر لگتا ہے کہ میں نے کارکردگی کے میڈلز پہن لیے ہیں، میں میڈیا ورکرز کے لیے اپنے دور حکومت میں بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں، صحافیوں کے لیے اچھی ہاؤسنگ کالونی ہونی چاہیئے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو لکھے گئے خط کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میری رگوں میں کشمیری خون دوڑتا ہے، کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ اللہ تعالیٰ ایک دن سچ کرکے دکھائے گا۔