لاہور: سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ علیمہ خان کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے، اس کے ذریعے عوام کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ان کی کوئی حیثیت نہیں، جبکہ محض کسی اندیشے کی بنیاد پر کسی فرد کے بنیادی حقوق سلب کرنا کہاں کا انصاف ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ علیمہ خان کی نظر بندی کو 9 روز گزر چکے ہیں اور اس دوران سفاکیت کی تمام حدیں عبور کردی گئی ہیں۔ انہوں نے عدالتوں سے مطالبہ کیا کہ علیمہ خان کے معاملے میں انصاف کیا جائے۔سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خاندان نے ایک مثال قائم کی ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی اور علامہ راجا ناصر کو مذاکرات کا اختیار دیا ہے، تاہم انہیں علم نہیں کہ اس وقت بیک چینل پر کوئی پیش رفت ہو رہی ہے یا نہیں۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں علیمہ خان کو جیل میں ادویات اور کپڑوں کی فراہمی جبکہ اہلخانہ اور وکلا سے ملاقات کی اجازت دینے سے متعلق متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس عبہر گل نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈی سی لاہور نے علیمہ خان کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اور انہیں جیل میں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ علیمہ خان کو جیل میں ادویات اور کپڑوں کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اہلخانہ اور وکلا تک رسائی کی اجازت دینے کے احکامات جاری کیے جائیں۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے آج دوپہر 2 بجے تک رپورٹ طلب کرلی۔