یوئیفا نیشنز لیگ کے میچ سے قبل آئرلینڈ کے کپتان دارا اوشی کا اسرائیلی کپتان مانور سولومون سے مصافحہ نہ کرنے کا منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
ہنگری کے شہر ڈیبرسن میں آئرلینڈ اور اسرائیل کے درمیان میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا۔ دارا اوشی نے بھی میچ آفیشلز سے مصافحہ کیا، تاہم اسرائیلی کپتان مانور سولومون کے قریب پہنچنے پر انہوں نے ہاتھ پیچھے رکھا اور بغیر نظریں ملائے آگے بڑھ گئے۔اس موقع پر آئرلینڈ کے کھلاڑیوں نے اسرائیل کے قومی ترانے کے دوران بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور سر جھکائے رکھا۔ یہ اقدامات غزہ میں جاری جنگ کے تناظر میں سامنے آئے۔آئرلینڈ کے گول کیپر گیون بازونو نے بھی معصوم جانوں کے ضیاع کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے ذاتی مؤقف کے باعث میچ کے لیے دستیابی ظاہر نہیں کی۔میدان میں آئرلینڈ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کو 0-3 سے شکست دے دی۔دونوں ٹیمیں 4 اکتوبر کو سربیا میں دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی، تاہم یہ میچ بند دروازوں کے پیچھے کھیلا جائے گا۔