پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو مزید مضبوط بنانے کے لیے غیر ملکی کنسلٹنٹس کی تقرری پر غور شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ سے بولنگ کنسلٹنٹ کے عہدے کے لیے بات چیت جاری ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر مارٹن گپٹل سے فیلڈنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں دینے کے حوالے سے مذاکرات کیے جا رہے ہیں۔شان ٹیٹ 2022 سے 2023 کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ وہ کچھ عرصہ قبل تک بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا بھی حصہ رہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شان ٹیٹ کے لیے تینوں فارمیٹس میں مستقل کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے وقت نکالنا ممکن نہیں تھا، جس کے باعث انہیں مستقل کوچ کے بجائے کنسلٹنٹ کے طور پر شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ ٹیٹ نے خاندانی مصروفیات کے باعث بنگلادیش ٹیم سے علیحدگی اختیار کی تھی۔
دوسری جانب مارٹن گپٹل کے ساتھ فیلڈنگ کنسلٹنٹ کے طور پر معاملات طے پانے کے امکانات بھی موجود ہیں، تاہم پی سی بی کی جانب سے دونوں تقرریوں کی باضابطہ تصدیق تاحال نہیں کی گئی۔یہ پیش رفت سابق بولنگ کوچ ایشلے نوفکے کے استعفے کے بعد سامنے آئی ہے۔ پی سی بی نے بولنگ کوچ کی خالی آسامی کے لیے اشتہار بھی جاری کر رکھا ہے، جبکہ چند ہفتے قبل فیلڈنگ کوچ کے عہدے کے لیے بھی درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں شان ٹیٹ اور مارٹن گپٹل کو قومی ٹیم کے کوچنگ سیٹ اپ میں کنسلٹنٹس کے طور پر شامل کیا جاسکتا ہے۔