پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان سہ ملکی سیریز اور آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے لیے آج کیا جائے گا۔
اس حوالے سے سلیکشن کمیٹی نے ابتدائی مشاورت ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ہی مکمل کر لی تھی۔ تاہم، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی حتمی منظوری کے بعد اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ابتدائی طور پر نوجوان اوپنر صائم ایوب کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن انجری کے باعث انہیں اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا، اور فخر زمان کو ان کی جگہ منتخب کیا گیا۔ فخر زمان سہ ملکی سیریز میں اوپننگ کریں گے۔ پاکستان کے ممکنہ اسکواڈ میں فخر زمان، سعود شکیل، بابراعظم، محمد رضوان، طیب طاہر، کامران غلام، سلمان علی آغا، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث روف، ابرار احمد، عامر جمال، محمد حسنین اور عثمان خان کی شمولیت متوقع ہے۔
چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے پاکستانی ٹیم کا 15 رکنی اسکواڈ ابھی تک حتمی طور پر اعلان نہیں کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش پریمئیر لیگ (بی پی ایل) میں شاندار کارکردگی دکھانے والے خوشدل شاہ کی قومی ٹیم میں واپسی متوقع ہے، جبکہ عثمان خان اور عبداللہ شفیق کو اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان کم ہے۔تین ملکی سیریز 8 فروری سے شروع ہو رہی ہے، جس میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس کے بعد 19 فروری سے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کا آغاز ہوگا، جس میں دنیا کی بہترین کرکٹ ٹیمیں ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گی۔