راولپنڈی میں غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کریک ڈاؤن، 61 ملزمان گرفتار

راولپنڈی میں غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کریک ڈاؤن، 61 ملزمان گرفتار

راولپنڈی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے راولپنڈی سرکل نے غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 61 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر این سی سی آئی اے کی ٹیم نے کمرشل مارکیٹ، سیٹلائٹ ٹاؤن میں قائم مبینہ غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ مارا، جہاں بیرونِ ملک شہریوں کو غیر قانونی قرضوں کی وصولی کے نام پر دھمکانے اور ہراساں کرنے کی اطلاعات تھیں۔کارروائی کے دوران 61 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے 71 موبائل فونز اور 155 لیپ ٹاپس برآمد ہوئے۔ حکام کے مطابق تمام ڈیجیٹل آلات اور ڈیٹا کو فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر جعلی ریکوری ایجنٹس بن کر غیر ملکی شہریوں کو دھمکیاں دیتے اور رقوم وصول کرتے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سرگرمی سے متاثرہ افراد کو ذہنی اذیت کے ساتھ ملک کی ساکھ بھی متاثر ہورہی تھی۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش اور تکنیکی تجزیہ جاری ہے۔ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ غیر قانونی کال سینٹرز ملک کی ساکھ اور عوام کے اعتماد کے لیے بڑا خطرہ ہیں، سائبر فراڈ اور غیر قانونی کال سینٹرز میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔