لاہور: غیر ملکی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی، دو مرکزی ملزمان گرفتار

لاہور: غیر ملکی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی، دو مرکزی ملزمان گرفتار

لاہور پولیس نے ڈیفنس کے علاقے میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان تنویر اور محسن کو اتوار کی رات راوی روڈ اور سندر کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا، جبکہ تیسرے ملزم عمر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈیفنس سی پولیس نے ہفتے کے روز 20 سالہ آذری خاتون کی درخواست پر 3 نامعلوم افراد کے خلاف مبینہ اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس کے مطابق خاتون کاروباری مقصد کے لیے پاکستان آئی ہوئی تھی اور رائیونڈ روڈ کے قریب ایک گھر میں رہائش پذیر تھی۔درخواست کے مطابق دو خواتین اسے رات کے کھانے کے لیے اپنے ساتھ لے گئیں، جہاں ایک کیفے میں تین مرد بھی موجود تھے۔ متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ بعد ازاں مذکورہ افراد نے اسے اور دیگر خواتین کو گاڑی میں سیر کروانے کی پیشکش کی اور ایک نامعلوم فلیٹ میں لے گئے۔خاتون کے مطابق فلیٹ میں ملزمان نے شراب نوشی کی اور اسے بھی مبینہ طور پر کوئی نشہ آور چیز پلائی گئی، جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئی۔

اس نے الزام عائد کیا کہ تینوں افراد نے اسے مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں فلیٹ میں دوپہر 2 بجے تک بند رکھا۔متاثرہ خاتون کے مطابق ملزمان بعد میں اسے غازی انٹرچینج کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے اور اس کا موبائل فون سمیت دیگر سامان بھی اپنے ساتھ لے گئے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے سلسلے میں پہلے ہی دو افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، جن میں وہ دونوں خواتین بھی شامل ہیں جنہوں نے مبینہ طور پر خاتون کو کھانے کی دعوت دی تھی۔