لاہور میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈیانا کے مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس میں نیا موڑ سامنے آیا ہے۔
ڈیانا نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وطن واپس جانے سے انکار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے الزام عائد کیا کہ اسے زبردستی پاکستان سے واپس بھیجنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق ڈیانا نے ایئرپورٹ پر شور مچاتے ہوئے کہا کہ وہ مبینہ زیادتی کے واقعے کے بعد اس طرح واپس نہیں جائے گی اور اسے قانونی مدد حاصل کرنے کی اجازت دی جائے۔ ان کے اس مؤقف کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے ان الزامات پر باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب پولیس لاہور میں درج مقدمے کی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔ پولیس کے مطابق کیس میں متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔پولیس ریکارڈ کے مطابق ڈیانا نے عدالت کے سامنے بھی مبینہ زیادتی سے متعلق اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا، جبکہ تحقیقات میں طبی رپورٹ اور دیگر شواہد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔