نیتن یاہو اچانک خفیہ دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے، اماراتی صدر سے ملاقات

نیتن یاہو اچانک خفیہ دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے، اماراتی صدر سے ملاقات

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے اتوار کو متحدہ عرب امارات کا غیر اعلانیہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے ابوظہبی میں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی۔

 ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے رائٹرز کو ملاقات کی تصدیق کی، تاہم نتن یاہو کے دفتر اور اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق نتن یاہو نے نجی طیارے کے ذریعے ابوظہبی کا سفر کیا اور تقریباً ایک روز وہاں قیام کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔ ملاقات کے ایجنڈے اور دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال اور اسرائیل و متحدہ عرب امارات کے تعلقات پر توجہ مرکوز ہے۔ دونوں ممالک نے 2020 میں ابراہام معاہدوں کے تحت سفارتی تعلقات قائم کیے تھے اور اس کے بعد مختلف شعبوں میں رابطے برقرار رکھے ہیں۔

نتن یاہو کا یہ دورہ ایک حالیہ رپورٹ کے پس منظر میں بھی سامنے آیا ہے۔ اسرائیلی اخبار ہاریٹز نے رواں ماہ دعویٰ کیا تھا کہ شیخ محمد بن زاید نے 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملے سے تقریباً ڈیڑھ ہفتہ قبل نتن یاہو کو حماس کی جانب سے بڑے آپریشن کی مبینہ تیاری سے آگاہ کیا تھا۔ نتن یاہو نے اس رپورٹ کی تردید کی ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات نے اس معاملے پر براہِ راست تبصرہ نہیں کیا۔رائٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سکیورٹی معاملات پر رابطے برقرار رہے ہیں۔ ایک اماراتی ذریعے نے ماضی میں کہا تھا کہ ایسے معاملات متعلقہ اداروں کے ذریعے زیر بحث آتے ہیں، قومی رہنماؤں کی سطح پر نہیں۔