اماراتی صدر نے 7 اکتوبر کے حملے سے پہلے نیتن یاہو کو خبردار کیا تھا:نیویارک ٹائمز

اماراتی صدر نے 7 اکتوبر کے حملے سے پہلے نیتن یاہو کو خبردار کیا تھا:نیویارک ٹائمز

نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ستمبر 2023 کے اواخر میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے رابطہ کرکے انہیں حماس کی جانب سے ممکنہ بڑے حملے کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اس رابطے کی تصدیق دو ذرائع نے کی، جن میں سے ایک اس گفتگو سے واقف تھا جبکہ دوسرے کو اس میں شامل ایک شخص نے بریف کیا تھا۔ یہ دعویٰ ابتدائی طور پر اسرائیلی اخبار ہآرتس نے رپورٹ کیا تھا، تاہم اس وقت نیویارک ٹائمز نے اسے آزادانہ طور پر تصدیق شدہ قرار نہیں دیا تھا۔نیویارک ٹائمز کے مطابق یکم اکتوبر 2023 کو نیتن یاہو نے اعلیٰ اسرائیلی سکیورٹی حکام کے ساتھ غزہ کی صورتحال پر اجلاس کیا، تاہم اجلاس کے منٹس میں اماراتی صدر کی جانب سے مبینہ انتباہ کا ذکر نہیں تھا۔ اخبار کو پانچ سابق اعلیٰ اسرائیلی سکیورٹی حکام نے بھی بتایا کہ یہ انتباہ سکیورٹی قیادت تک نہیں پہنچا تھا۔رپورٹ کے مطابق اسی اجلاس میں بعض سکیورٹی حکام نے حماس کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کی تجویز دی، جبکہ نیتن یاہو نے غزہ میں کشیدگی کم رکھنے پر زور دیا اور سعودی عرب کے ساتھ ممکنہ سفارتی تعلقات کے عمل کو نقصان پہنچنے کے خدشے کا اظہار کیا۔تاہم بنیامین نیتن یاہو اس بات کی تردید کرتے ہیں کہ انہیں ذاتی طور پر متحدہ عرب امارات کے صدر کی جانب سے ایسا کوئی انتباہ موصول ہوا تھا۔