مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ یاسر الدوسری نے خطبہ جمعہ میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر شدید تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان کسی بھی خبر کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں۔
شیخ الدوسری نے خبردار کیا کہ جھوٹے یا خریدے گئے اکاؤنٹس جعلی فتوے اور من گھڑت بیانات پھیلا کر معاشرے میں فساد اور علما کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شائع یا شیئر کی گئی ہر بات کا حساب روز قیامت اللہ کے حضور دینا ہوگا۔امام کعبہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال لوگوں کو قریب لانے کے بجائے دور کر رہا ہے، جبکہ حسد، ناشکری اور جعلی زندگیوں کے تقابل نے معاشرتی و روحانی بیماریوں کو بڑھا دیا ہے۔انہوں نے جعلی فتوؤں اور علما کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کو اسلام دشمن مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ ایسے اکاؤنٹس سے محتاط رہیں اور سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری کے ساتھ کریں۔