بنکاک میں شدید بارش اور سیلاب، سرکاری ملازمین کیلئے 2 روزہ تعطیلات کا اعلان

بنکاک میں شدید بارش اور سیلاب، سرکاری ملازمین کیلئے 2 روزہ تعطیلات کا اعلان

تھائی لینڈ کی کابینہ نے شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث بنکاک اور گردونواح کے تین صوبوں میں سرکاری ملازمین کے لیے 28 اور 29 ستمبر کو خصوصی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

تھائی حکومت کے مطابق خصوصی تعطیلات کا مقصد شہریوں کی آمدورفت کم کرنا اور شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ٹریفک اور سفری مشکلات کو کم کرنا ہے۔ تاہم تعطیلات کے دوران پہلے سے طے شدہ اہم سرکاری امور متعلقہ اداروں کے سربراہان کی صوابدید پر جاری رکھے جاسکتے ہیں۔خصوصی تعطیلات کے اعلان کے بعد تھائی لینڈ کی آئینی عدالت میں پیر کو ہونے والی اہم مقدمے کی سماعت اور فیصلے کے اعلان کے حوالے سے بھی خدشات پیدا ہوئے تھے۔یہ مقدمہ فروری میں ہونے والے انتخابات میں استعمال کیے گئے بیلٹ پیپرز سے متعلق ہے، جس کے ممکنہ فیصلے سے انتخابی نتائج پر سوال اٹھ سکتے ہیں۔ تاہم آئینی عدالت نے واضح کیا ہے کہ فیصلے کا اعلان پیر کو طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی کیا جائے گا۔

بنکاک میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال
بنکاک میں شدید بارشوں کے باعث صورتحال اس قدر خراب ہوگئی کہ میٹروپولیٹن انتظامیہ نے ہفتے کے روز دارالحکومت کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا تھا۔حکام کے مطابق 48 گھنٹوں کے دوران تقریباً 300 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں شہر کی اہم شاہراہیں زیرآب آگئیں اور متعدد گاڑیاں جزوی طور پر پانی میں ڈوب گئیں۔اتوار کو بارش میں کمی کے بعد کئی علاقوں سے سیلابی پانی اترنا شروع ہوگیا، تاہم بعض علاقوں میں رہائشی اب بھی اپنے گھروں میں محصور رہے۔