لاہور میں بسنت کے موقع پر چار روزہ تعطیلات کا اعلان، شہریوں کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے

لاہور میں بسنت کے موقع پر چار روزہ تعطیلات کا اعلان، شہریوں کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے

لاہور میں بسنت کے موقع پر 6 فروری کو مقامی تعطیل کے اعلان کے بعد شہر میں فروری کے آغاز میں چار دن کی چھٹیاں طے کر دی گئی ہیں۔

 اس فیصلے کے تحت جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی ہوگی تاکہ شہری بسنت کی تقریبات میں محفوظ اور پرامن انداز میں حصہ لے سکیں۔ذرائع کے مطابق 5 فروری کو چھٹی رکھنے کی تجویز پیش کی گئی تھی، جس کے پیش نظر پنجاب حکومت نے 6 فروری کو تعطیل کا اعلان کیا۔ پہلے سے طے شدہ جمعرات، ہفتہ اور اتوار کی چھٹیوں کے ساتھ جمعہ کو بھی چھٹی دینے کے بعد لاہور میں بسنت کے موقع پر طویل ویک اینڈ بن گیا ہے، جس سے شہری جشن بھرپور طریقے سے منا سکیں گے۔ڈی سی لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی کہ 18 سال سے کم عمر بچے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ بسنت منائیں تاکہ روایتی جشن میں نظم و ضبط اور تحفظ برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ شہری امن و امان کے ساتھ بسنت کی تقریبات میں حصہ لے سکیں۔

پولیس نے لاہور کو ریڈ، یلو اور گرین زونز میں تقسیم کیا ہے۔ حساس اور گنجان آباد علاقوں کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے جہاں سخت پابندیاں نافذ ہوں گی۔ نسبتاً کم خطرناک علاقوں کو یلو زون اور محفوظ علاقوں کو گرین زون میں شامل کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بسنت کے دوران نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جن میں ڈرون کیمرے، سوشل میڈیا مانیٹرنگ اور خصوصی کنٹرول رومز شامل ہیں۔ چھتوں پر شراب نوشی، ہوائی فائرنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔